حافظ محمد شارق
حافظ محمدشارق کراچی، پاکستان سے تعلق رکھنے والے مشہور نوجوان ماہر الٰہیات ہیں۔
حالات زندگی
[ترمیم]محمد شارق کراچی میں ایک میمن گھرانے میں پیدا ہوئے۔ نارائن جگناتھ ودیا ہائی اسکول سے انٹر پاس کیا اور مزید تعلیم وفاقی جامعۂ اردو کراچی سے حاصل کی۔ ساتھ ہی مقامی مدرسے سے درسِ نظامی کی تکمیل کی۔ محمد شارق 2011ء سے تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں سے وابستہ ہوئے۔ بیس برس کی عمر میں اپنی پہلی کتاب ہندودھرم اور اسلام شائع کی۔[1]انھیں پاکستان کے سب سے کم عمر محقق و مصنف ہونے کا اعزاز حاصل رہا ہے۔ 2016ء میں محمد شارق نے ادارہ تحقیقاتِ مذاہب کی بنیاد رکھی جو مذاہب پر تحقیق اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کا ادارہ ہے۔[2]آپ 2015ء سے 2016ءتک رسالہ اسرا کے مدیر رہے۔[3]مذاہب پر تحقیقی تصانیف کے علاوہ آپ کئی کتابچے اور تحقیقی مقالے بھی لکھ چکے ہیں۔ ملکی و غیر ملکی جامعات میں آپ فلسفہ و مذہب کے مختلف موضوعات پر لیکچرز دے چکے ہیں۔
کام
[ترمیم]حافظ محمد شارق دینیات اور الٰہیات میں اپنی تحقیق کے حوالے سے خاص طور پر پہچانے جاتے ہیں۔عربی، سنسکرت اور دیگر مذہبی زبانوں سے واقفیت کی بنا پر وہ مذاہب عالم پر گہری نگاہ رکھتے ہیں اور گذشتہ کئی برسوں سے مذاہب عالم کی مقدس کتابوں کے اردو تراجم پر کام کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ حافظ شارق کے کئی تحقیقی مقالے قومی اور عالمی سطح کے جرائد میں شائع ہو چکے ہیں۔[4]حافظ شارق تاریخِ مذہب کے حوالے سے دیگر ماہر الٰہیات اور ماہرین عمرانیات کے نقطہ نظر سے مختلف نظریے کے حامل ہے۔ مذہبی ارتقا کے تصور کی تردید میں ان کا نظریہ سماجی عوامل اور تصور خدا کے باہمی ربط پر مبنی ہے جس کی رُو سے خدا کا تصور انسانی ایجاد نہیں ہے لیکن یہ تصور سماجی عوامل کے تحت ہی ارتقا پاتا رہا ہے۔ حافظ صاحب کے کئی تحقیقی کاموں کا تجزیہ و تقابل پاکستانی جامعات میں پی ایچ ڈی سطح پر کی جا رہی ہے۔
تصانیف
[ترمیم]حافظ محمد شارق کی تصانیف کی تعداد 23 ہے جن میں اہم اور مشہور تصانیف حسب ذیل ہیں:
- ہندودھرم اور اسلام کا تقابلی مطالعہ
- ہندومت اور اسلام کے مشترکہ اقدار اور تاریخی تعامل
- مطالعہ مذاہب
- منطقی مغالطے
- ہندومت کا تفصیلی مطالعہ (تاریخ، قوانین، فقہ، کتب مقدسہ)
- ہندی رسم الخط سیکھیں
- الحاد : ایک تعارف
- قرآن گیتا اور علم النفس
- تفہیمِ مذاہب
- انبیا کرام علیہم السلام قرآن اور علم الآثار کی روشنی میں
- قرآن مجید کی روشنی میں فرائیڈ کے تصورِ شخصیت کا مطالعہ(معاون مصنف)
- اسلام اور شہری حقوق و فرائض
- اسلام اور ہندو فلسفے میں مابعد الطبیعیات